مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ عزالدین قسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے اسرائیلی فوج کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
ابوعبیدہ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر جاری بیان میں مزاحمتی کارکن فتحی خازم المعروف ابو رعد کی شہادت پر فلسطینی قوم سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قابض صہیونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شہید فتحی خازم کی روح ان کے ساتھیوں ابو شنب، عطار، ابو شمالہ، برہومہ اور فلسطینی قوم کے دیگر شہدا سے جا ملی ہے۔
قسام بریگیڈز کے ترجمان نے مزید کہا کہ مسجد الاقصی کو نذر آتش کیے جانے کے واقعے کی برسی اور قابض اسرائیلی حکومت کے بڑھتے ہوئے جرائم کے سائے میں، وہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں موجود تمام مزاحمت کار فلسطینیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسجد الاقصی، اپنی سرزمین اور اپنی عزت و ناموس کا دفاع کریں اور قابضین کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔
ابوعبیدہ نے فلسطینیوں سے قابض عناصر کی کارروائیوں کا جواب دینے اور شہدا کے خون کا بدلہ لینے کی بھی اپیل کی۔
فتحی خازم، شہید فلسطینی مزاحمت کاروں رعد خازم اور عبدالرحمن خازم کے والد تھے۔ وہ جمعرات کی صبح اسرائیلی فوج کے جنین شہر کے وسط میں واقع ان کے گھر پر چھاپے کے دوران شہید ہوئے۔
آپ کا تبصرہ